برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی ذرائع ابلاغ نے صدر مسعود پزشکیان کے ایک ویڈیو بیان کے حصے نشر کئے ہیں جن میں ایران کے صدر کہتے ہیں کہ میں استعفیٰ نہیں دوں گا اور ڈٹا رہوں گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ویڈیو میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہم فوجی دستوں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق موجودہ صورتحال، بشمول جنگ سے متعلق واقعات پر پزشکیان کی گفتگو کی مکمل ویڈیو اور متن جلد جاری کیا جائے گا۔
مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ ایران اپنی حدود اور خود مختاری کا دفاع کرتا ہے، لیکن جنگ کو وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، تاہم تہران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت طے نہیں کی گئی۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے، تاہم وہ جنگ کو مزید وسعت دینے کا خواہاں نہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صدر پزشکیان کے حوالے سے بتایا کہ ہمیں ایسی معاشرت تشکیل دینے کے لیے کام کرنا ہوگا جو دشمن کو مداخلت کی ترغیب نہ دے، اسے دراندازی کا کوئی موقع نہ ملے، اور نہ ہی ہمارے درمیان تقسیم پیدا کرنے یا ہمیں کمزور کرنے کا کوئی ذریعہ میسر آئے۔









