4

ایرانی فوجی راز لیک کرنے کا الزام، دو ملزمان کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا

ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی اور حساس فوجی معلومات فراہم کرنے کے الزام میں دو افراد کو پھانسی دے دی۔

ایرانی عدالتی خبر رساں ادارے میزان کے مطابق پھانسی پانے والے افراد کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے نام سے ہوئی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق دونوں افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے اسرائیل کو ایرانی فوجی اور سیکیورٹی مراکز کے محلِ وقوع، تصاویر اور دیگر حساس معلومات فراہم کیں۔

رپورٹس کے مطابق ملزمان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے حالیہ جنگی صورتحال کے دوران اہم سیکیورٹی معلومات اسرائیل تک پہنچائیں، جن کی بنیاد پر بعض عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایران میں قومی سلامتی سے متعلق مقدمات اور سزائے موت کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کے پس منظر میں جاسوسی اور قومی سلامتی سے متعلق مقدمات میں کارروائیاں مزید سخت کر چکا ہے۔