2

یوکرین کا روس کے معروف سیاحتی ساحل پر ڈرون حملہ

روس نے یوکرین پر بحیرۂ اسود کے ساحلی تفریحی علاقے گیلینڈژک کے قریب ڈرون حملے کا الزام عائد کیا ہے، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

روسی حکام کے مطابق ڈرون حملہ ایک مصروف ساحل کے قریب ہوا جہاں بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ حملے میں بچوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا، جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرون کا ہدف روسی بحری اڈہ نووروسیسک تھا، تاہم ڈرون ساحلی علاقے میں گرنے کے باعث عام شہری اس کی زد میں آگئے۔

روسی علاقے کراسنوڈار کرائی کے حکام نے واقعے کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب یوکرین نے اس حملے کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی۔ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں حالیہ عرصے کے دوران ڈرون حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔