4

بھارت: پاپڑ کے پیکٹ سے نکلنے والی کھلونے نے بچے کی جان لے لی

بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع میسور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پاپڑ کے پیکٹ سے ملنے والی پلاسٹک کی گیند نگلنے کے باعث 5 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں گوری پورا میں پیش آیا، جہاں بچے نے پاپڑ کے پیکٹ میں موجود پلاسٹک کی گیند کو حادثاتی طور پر نگل لیا، جو اس کے گلے میں پھنس گئی۔

اہل خانہ بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود بچے کی جان نہ بچائی جا سکی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا بچہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا۔

حکام کے مطابق پلاسٹک کی گیند پاپڑ کے پیکٹ میں مفت تحفے کے طور پر موجود تھی، جسے بچے نے کھلونا سمجھ کر منہ میں ڈال لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی جانب سے واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی گئی، تاہم حکام متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں۔

پولیس کے مطابق مزید کارروائی کا فیصلہ اہل خانہ کی جانب سے شکایت درج کرانے کے بعد کیا جائے گا۔