3

کویت نے پاکستان کے ساتھ فوجی تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی

کویتی حکومت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط مزید مضبوط ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق کویت نے اس منظوری کو سرکاری گزٹ میں شائع کردیا ہے۔ حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت جاری ہونے والی منظوری کویت کے سرکاری گزٹ "کویت الیوم" میں شامل کی گئی ہے۔

معاہدے کے متن کے مطابق یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا، جس کا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا اور باہمی تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک قائم کرنا ہے۔

معاہدے میں فوجی تربیت، دفاعی تعلیم، مسلح افواج کے درمیان تعاون، لاجسٹک سپورٹ، فوجی اہلکاروں کے تبادلے، تکنیکی ماہرین کے تعاون، سائنسی و تکنیکی شعبوں اور ملٹری انٹیلی جنس سمیت مختلف امور شامل ہیں۔

دونوں ممالک باہمی اتفاق سے دفاعی تعاون کے لیے سالانہ منصوبے اور ایگزیکٹو پروگرام تیار کریں گے، جبکہ مختلف سطحوں پر سرکاری اور فوجی وفود کے تبادلوں کے ذریعے روابط کو مزید بڑھایا جائے گا۔

معاہدے پر عملدرآمد اور نگرانی کے لیے ایک مشترکہ فوجی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کی مقرر کردہ نمائندہ کمیٹی پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی کا اجلاس سال میں کم از کم ایک بار منعقد کیا جائے گا۔

معاہدے میں خفیہ معلومات کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے سے تبادلہ کی جانے والی حساس دستاویزات اور معلومات کو تیسرے فریق کے ساتھ تحریری اجازت کے بغیر شیئر نہیں کریں گے۔

معاہدے کے مطابق خفیہ معلومات کے تحفظ کی ذمہ داری معاہدے کے اختتام کے بعد بھی برقرار رہے گی۔ مالی معاملات میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون کے اصول کو بنیاد بنایا ہے۔

دفاعی معاہدے کے تحت سرکاری دوروں پر آنے والے وفود کے اندرونِ ملک سفر، رہائش اور ہنگامی طبی سہولیات کے اخراجات میزبان ملک برداشت کرے گا۔

پاکستان اور کویت کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کو دفاعی تعاون، تربیتی روابط اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔