1

چیک جمہوریہ میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، ایک اہلکار ہلاک

چیک جمہوریہ کے مشرقی علاقے میں فوج کا ایک وینم ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔

چیک فوج کے مطابق حادثہ نامیشت ناد اوسلاوو میں قائم 22ویں ہیلی کاپٹر ایئر فورس بیس پر پیش آیا۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں پانچ فوجی اہلکار سوار تھے۔

فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی نظام کو فعال کر دیا گیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہوا ہے، جبکہ دیگر اہلکاروں کی حالت کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

چیک فوج نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔

واضح رہے کہ یو ایچ-ون وائی وینم ایک جدید کثیرالمقاصد فوجی ہیلی کاپٹر ہے، جسے بیل ٹیکسٹرون نے تیار کیا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر فوجی نقل و حمل، امدادی سرگرمیوں اور مختلف عسکری آپریشنز کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔