1

فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، حماس سربراہ

حماس کے نومنتخب سربراہ خلیل الحیہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے جامع خطاب میں کہا ہے کہ فلسطین میں امن اور استحکام کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق خلیل الحیہ نے کہا کہ خطے میں موجودہ صورتحال اس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے کہ فلسطینی عوام کا استحکام پورے مشرق وسطیٰ کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔

حماس سربراہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنگ بندی کے باوجود اگر غزہ کے عوام کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاتا تو عالمی انصاف کے اصول متاثر ہوں گے۔

انہوں نے غزہ کے عوام کو یقین دلایا کہ حماس ان کی مشکلات اور مصائب کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی اور باوقار زندگی کی فراہمی کو بنیادی حق سمجھتی ہے۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس کی اولین ترجیح غزہ میں جاری حملوں کا خاتمہ ہے، جبکہ غزہ، مغربی کنارے، بیت المقدس اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے تمام فلسطینی سیاسی جماعتوں اور قومی قوتوں کو اتحاد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی ہی فلسطینی عوام کی اصل طاقت ہے۔

حماس کے سربراہ نے غزہ جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے پر مصر، قطر اور ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور ثالث ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تاکہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات اسی وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جب تمام فریق طے شدہ شرائط اور وعدوں پر عمل کریں۔