5

بھارت میں کاکروچ موومنٹ کا پارلیمنٹ کی جانب مارچ، پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج

بھارت میں نوجوانوں کی قیادت میں جاری "کاکروچ موومنٹ" کے حامیوں کی پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی دہلی میں ہزاروں مظاہرین نے جنتر منتر سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ شروع کیا، تاہم پولیس نے سیکیورٹی رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

مظاہرین کی جانب سے رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ اس کے باوجود کچھ مظاہرین چھوٹے گروپوں کی صورت میں پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کرتے رہے۔

پولیس حکام کے مطابق پارلیمنٹ اجلاس کے دوران مارچ کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس کے باعث امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائی کی گئی۔

احتجاجی تنظیم کے ترجمان سوربھ داس نے الزام عائد کیا کہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق احتجاج میں طلبہ، پیشہ ور افراد اور خاندانوں سمیت بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔

مظاہرین وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے، امتحانی نظام میں اصلاحات اور پرچے لیک ہونے کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

احتجاجی قیادت کا کہنا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں اور سرکاری ملازمتوں کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث نوجوانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب حکومت اور احتجاجی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز بھی ہوا ہے، جہاں مظاہرین نے اپنے مطالبات حکومتی نمائندوں کے سامنے رکھے ہیں۔