44

آزادی کی 250ویں سالگرہ: امریکی پاسپورٹس میں ٹرمپ کی تصویر شامل

امریکی محکمہ خارجہ نے ملک کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اور محدود ایڈیشن پاسپورٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر نمایاں طور پر شامل ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان منفرد پاسپورٹس کے اندرونی صفحات کو تاریخی اور علامتی انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ایک صفحے پر ٹرمپ کی تصویر کے گرد اعلانِ آزادی امریکہ کا متن، امریکی پرچم اور صدر کے سنہری دستخط شامل ہیں، جبکہ ایک اور صفحے پر بانیانِ امریکا کی وہ مشہور پینٹنگ بھی موجود ہے جس میں اعلانِ آزادی پر دستخط کیے جا رہے ہیں۔

یہ خصوصی پاسپورٹس رواں موسمِ گرما میں جاری کیے جائیں گے اور America250 تقریبات کا حصہ ہوں گے، جن کے تحت مختلف نمایاں سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ ان تقریبات میں نیشنل مال پر فارمولا ون ریس اور وائٹ ہاؤس کے ساؤتھ لان میں یو ایف سی مقابلہ شامل ہیں۔

ترجمان ٹومی پگٹ کے مطابق امریکہ جولائی میں اپنی 250ویں سالگرہ منا رہا ہے، اور اس یادگار موقع کو منفرد بنانے کے لیے خصوصی ڈیزائن متعارف کرایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاسپورٹ کے سرورق میں بھی معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں “United States of America” کو زیادہ نمایاں کیا گیا ہے، جبکہ پچھلے حصے پر 1777 کے 13 ستاروں والے امریکی پرچم کے ساتھ “250” کا ہندسہ درج ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ نئے پاسپورٹس ہر اس امریکی شہری کے لیے دستیاب ہوں گے جو اجرا کے بعد درخواست دے گا، تاہم ان کی تعداد محدود رکھی جائے گی، جس سے یہ ایک یادگار اور منفرد دستاویز بن جائے گا۔