68

“جنگ کے خلاف بولتا رہوں گا” پوپ لیو کا ٹرمپ کی تنقید پر اہم ردعمل

کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی گئی تنقید پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ جنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پوپ لیو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں “کمزور” اور “خارجہ پالیسی کے معاملے میں ناکام” قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ پوپ لیو کے مداح نہیں ہیں۔

جواب میں پوپ لیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، تاہم ان کا مؤقف جنگ کے خلاف، امن کے فروغ اور بین الاقوامی مکالمے کے حق میں ہمیشہ برقرار رہے گا۔

انہوں نے خصوصی طیارے میں الجزائر روانگی کے دوران کہا کہ دنیا میں بے شمار معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اور کسی نہ کسی کو کھڑے ہو کر یہ کہنا ہوگا کہ اس صورتحال کا بہتر حل موجود ہے۔

پوپ لیو نے مزید کہا کہ وہ ریاستوں کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات اور امن کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے انہیں کسی بھی سطح پر تنقید کا سامنا ہو۔