امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں خالی آئل ٹینکرز امریکا آ رہے ہیں تاکہ وہاں سے اعلیٰ معیار کا تیل اور گیس حاصل کیا جا سکے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ آئل ٹینکرز امریکا میں دنیا کے بہترین اور سب سے اعلیٰ معیار کے تیل و گیس کی لوڈنگ کے لیے آ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کے تیل کے ذخائر دنیا کی اگلی دو بڑی تیل کی معیشتوں کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ ہیں اور ان کا معیار بھی بہت بہتر ہے۔
صدر ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی دعوت دی کہ وہ امریکا آئیں اور فوری طور پر تیل و گیس لوڈنگ کروائیں۔
تاہم، ٹرمپ کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ اس کے علاوہ، یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل وینزویلا کے صدر کو حراست میں لینے کے بعد بھی ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل کے ذخائر کے حوالے سے متضاد دعوے کیے تھے۔ علاوہ ازیں، آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قلت پر ان کا موقف مبہم رہا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کو اس سے فائدہ ہوگا کیونکہ دنیا تیل کے لیے ان کے ملک کا رخ کرے گی۔









