ابوظہبی: ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کو امریکا کی جانب سے “مکمل فتح” قرار دیے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی اس تنازع میں اپنی کامیابی کا دعویٰ کر دیا ہے۔
یو اے ای کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امارات اس تنازع کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے، حالانکہ ملک نے ہمیشہ اس جنگ سے بچنے کی سنجیدہ کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ایک ایسی جنگ میں کامیابی حاصل کی جس سے بچنے کیلئے بھرپور سفارتی اقدامات کیے گئے تھے۔
انور قرقاش کے مطابق ایک مضبوط قومی دفاع کے ذریعے امارات نے اپنی خودمختاری، وقار اور ترقیاتی کامیابیوں کا تحفظ کیا اور جارحیت کے باوجود اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال نے امارات کو خطے کی پیچیدہ سیاسی حرکیات کو بہتر طور پر سمجھنے اور مستقبل میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت فراہم کی ہے۔
صدارتی مشیر کا کہنا تھا کہ ملک کی قوت، لچک اور استحکام نے اس کے ترقیاتی ماڈل کو مزید مضبوط کیا ہے، اور اب یو اے ای مستقبل کی تشکیل کیلئے پہلے سے زیادہ تیار اور باصلاحیت ہے۔









