گذشتہ ہفتے امریکی حملے میں شہید ہونے والے ایران کی علی لاریجانی کی جگہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نئے سیکریٹری کے طور پر محمد باقر ذوالقدر کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس نامزدگی کی توثیق خود سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی کی ہے۔
یہ تقرری ایک نہایت حساس وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل ملک کی اعلیٰ ترین دفاعی اور سیکیورٹی پالیسی سازی کا ادارہ ہے، اور اس کا سیکریٹری انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محمد باقر ذوالقدر ایران کے بااثر سیکیورٹی اور عسکری حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ماضی میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے اہم کمانڈر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پاسداران انقلاب کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ، نائب کمانڈر ان چیف، وزارت داخلہ میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے امور کے نائب سربراہ، اور 8 سال تک عدلیہ میں اسٹریٹجک امور کے نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
علی لاریجانی، جو کہ ایران کے سینئر سیاستدانوں میں شمار ہوتے تھے اور ماضی میں پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے، کی شہادت کے بعد یہ نئی تقرری ایران کی پالیسی کی سمت کے لیے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔









