25

میکسیکو کا خوفناک ڈرگ لارڈ ال مینچو، اپنی گرل فرینڈ کی وجہ سے مارا گیا

میکسیکو میں منشیات کے خلاف جاری خونریز جنگ میں ایک بڑا موڑ آ گیا۔ دنیا کے خطرناک ترین ڈرگ لارڈز میں شمار ہونے والے Nemesio Oseguera Cervantes المعروف ال مینچو کی ہلاکت سے متعلق چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق اس ہائی پروفائل آپریشن کی کامیابی میں اس کی گرل فرینڈ کی نقل و حرکت کلیدی ثابت ہوئی، جسے سیکیورٹی ادارے خفیہ طور پر ٹریک کر رہے تھے۔ انٹیلی جنس اطلاعات سے پتا چلا کہ کارٹیل سربراہ ریاست جالسکو کے علاقے تاپالپا میں موجود ہے اور ملاقات کی تیاری کر رہا ہے، جس کے بعد خصوصی فورسز نے کارروائی کو حتمی شکل دی۔

ال مینچو، جو بدنامِ زمانہ Jalisco New Generation Cartel کا سربراہ تھا، جھاڑیوں میں چھپا ملا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں وہ اور اس کے دو محافظ زخمی ہوئے۔ بعد ازاں انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

آپریشن اور اس کے بعد پھوٹنے والی پُرتشدد جھڑپوں میں 70 سے زائد افراد مارے گئے، جن میں سیکیورٹی اہلکار، مشتبہ کارٹیل ارکان اور عام شہری شامل ہیں۔ دو راکٹ لانچر برآمد ہوئے جبکہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی گولی لگنے سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارٹیل کے ایک اور اہم کمانڈر المعروف ال تُولی نے فوجیوں کے قتل پر انعام کی پیشکش اور آتش زنی سمیت بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم وہ بھی ایک علیحدہ مقابلے میں مارا گیا۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق جالسکو اور ملحقہ ریاستوں میں کشیدگی برقرار ہے، مگر ال مینچو کی ہلاکت کو منشیات کے خلاف جنگ میں ایک علامتی اور بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔