آذربائیجان حکومت نے حیدرعلییف بین الاقوامی تعلیم گرانٹ پروگرام کے تحت پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل مالی اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اسکالرشپ طلبہ کو انجینئرنگ، طب، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجی و قدرتی علوم، جنرل میڈیسن اور میڈیکل ریزیڈنسی جیسے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔
تقریباً 100 پاکستانی طلبہ اس اسکالرشپ سے مستفید ہو سکیں گے۔ درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو تعلیمی اسناد، میڈیکل سرٹیفکیٹ، سی وی اور موٹیویشن لیٹر جمع کروانا ہوں گے۔ اسکالرشپ میں شامل تعلیمی دورانیہ بیچلر کے لیے 4 سے 5 سال، ماسٹرز 1.5 سے 2 سال، پی ایچ ڈی 3 سال، جنرل میڈیسن 5 سے 6 سال اور میڈیکل ریزیڈنسی 2 سے 5 سال تک ہوگا۔
عمر کی حد بیچلر اور جنرل میڈیسن کے لیے 35 سال، ماسٹرز اور میڈیکل ریزیڈنسی کے لیے 40 سال اور پی ایچ ڈی کے لیے 45 سال مقرر کی گئی ہے۔ اسکالرشپ مکمل طور پر پاکستانی شہریوں کے لیے مخصوص ہے اور درخواست دینے پر کوئی فیس نہیں ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 اپریل 2026 تک نامزد اداروں کے ذریعے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ یہ اسکالرشپ نہ صرف مالی تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور بین الاقوامی تجربے کے ساتھ کیرئیر کے سنہری مواقع بھی فراہم کرے گی۔









