73

بنگلہ دیش میں پارلیمانی انتخابات، 4 روزہ تعطیلات کا اعلان

بنگلہ دیش میں 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات اور 12 فروری کو ہونے والے ریفرنڈم کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک بھر میں بدھ سے 4 روزہ تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 11 اور 12 فروری کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، جو جمعہ اور ہفتہ کی ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ مل کر مسلسل 4 دن کی تعطیل میں تبدیل ہو گئی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ان دنوں تمام سرکاری، نیم سرکاری، خودمختار اور نجی دفاتر کے علاوہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اور پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔

بنگلہ دیش بینک نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان دو روز کے دوران تمام بینک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے، جبکہ شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز بھی بند رہیں گے۔ تاہم حکومت نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کی ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تعطیلات کے آغاز سے قبل بڑی تعداد میں افراد دارالحکومت ڈھاکا سے اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہو گئے، جس کے باعث بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر خاصا رش دیکھا گیا۔ حکام نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔