112

دبئی میں ٹریفک جام کا ممکنہ خاتمہ: 3منٹ میں سفر ممکن بنانے کی تیاریاں

دبئی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منفرد اور جدید زیرِ زمین ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کرا دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

دبئی حکام کے مطابق شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) سے دبئی مال تک کا سفر صرف 3 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ شہر میں ٹریفک دباؤ کم کرنے اور روزمرہ آمدورفت کو مزید ہموار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کا ابتدائی پائلٹ روٹ ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا۔

54 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار زیرِ زمین اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن کے ڈیزائن بھی پیش کر دیے گئے ہیں۔ یہ اسٹیشنز برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زعبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس میں قائم کیے جائیں گے۔

دبئی حکام نے اس منصوبے کی تعمیر کے لیے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی زیرِ ملکیت کمپنی ’دی بورنگ کمپنی‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے پر پورا لوپ سسٹم 19 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا جبکہ اس کی مجموعی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کر لی جائے گی، جبکہ مکمل پراجیکٹ کے تین سال میں مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔