59

شمالی کوریا کا سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل تجربہ، خطے میں کشیدگی میں اضافہ

سیول/ٹوکیو: شمالی کوریا نے منگل کے روز سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جو بظاہر کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے قریب ایک علاقے سے مشرقی ساحل کی سمت فائر کیے گئے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بتایا کہ میزائل مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 50 منٹ پر داغے گئے اور انہوں نے تقریباً 350 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ جاپان کے کوسٹ گارڈ نے بھی شمالی کوریا کی جانب سے داغے گئے ممکنہ بیلسٹک میزائلوں کو ٹریک کرنے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ چند منٹ بعد سمندر میں جا گرے۔ جاپانی حکام کے مطابق میزائل زیادہ سے زیادہ 80 کلومیٹر کی بلندی تک گئے۔

جنوبی کوریا کے دفتر برائے قومی سلامتی نے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا کہ وہ بیلسٹک میزائل تجربات فوری طور پر بند کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات اشتعال انگیز ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا حالیہ مہینوں میں کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور راکٹوں کے متعدد تجربات کر چکا ہے۔ پیانگ یانگ کا مؤقف ہے کہ یہ تجربات امریکا اور جنوبی کوریا کی جانب سے لاحق خطرات کے پیش نظر اس کے دفاعی اور تزویراتی نظام کا حصہ ہیں، جنہیں جنوبی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے نظام کے مقابلے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔