54

امریکی ناکہ بندی کے سائے میں روس کا بڑا اقدام: ٹینکر کی حفاظت کیلئے آبدوز تعینات

روس نے وینزویلا سے آنے والے روسی پرچم بردار تیل بردار جہاز کے تحفظ کے لیے ایک آبدوز اور دیگر بحری جہاز روانہ کر دیے ہیں جبکہ امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز طویل عرصے سے اس جہاز کا تعاقب کر رہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ ٹینکر گزشتہ ماہ وینزویلا کے گرد امریکا کی جزوی ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سفر کر رہا تھا جس کے بعد امریکی بحریہ اس کے پیچھے لگ گئی۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ جہاز اُن ممالک کے خام تیل کی ترسیل میں استعمال ہونے والے نام نہاد ’شیڈو فلیٹ‘ کا حصہ ہے جو امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق روس نے ٹینکر کی حفاظت کے لیے ایک آبدوز سمیت دیگر بحری جہاز روانہ کیے ہیں جبکہ امریکی ذرائع نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

روس کی وزارتِ خارجہ نے امریکی اور نیٹو افواج کی جانب سے روسی پرچم بردار جہاز کے تعاقب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جہاز روسی پرچم کے تحت بین الاقوامی پانیوں میں سفر کر رہا ہے اور امریکی ساحل سے کافی دور ہے۔

وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر روسی جہاز کو غیر معمولی توجہ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی تعاقب کے بعد اس ٹینکر نے اپنی رجسٹریشن روس منتقل کی، نام تبدیل کیا اور جہاز پر روسی پرچم بھی نمایاں طور پر پینٹ کر دیا گیا تھا۔

یہ واقعہ امریکی صدر کی جانب سے پابندی زدہ تیل بردار جہازوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔