ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کسی بھی صورت دشمن کے سامنے نہیں جھکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خدائی مدد اور فضل سے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا۔
ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ احتجاج عوام کا جائز حق ہے، تاہم احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں واضح فرق ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کی جانی چاہیے اور حکام کو ان کے مطالبات سننے چاہئیں۔
سپریم لیڈر کے مطابق ایرانی مظاہرین کے معاشی مطالبات جائز ہیں اور صدر سمیت اعلیٰ حکام پابندیوں سے متاثرہ معیشت کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اگرچہ احتجاج عوام کا حق ہے، لیکن ہنگامہ آرائی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے تاکہ ملک میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔









