65

نئے سال 2026 پر 40 مقامات پر آتش بازی کے انتظامات مکمل: پولیس نے نقشہ جاری کر دیا

دبئی پولیس ہیڈکوارٹرز نے نئے سال 2026 کی آمد کے موقع پر ہونے والی آتش بازی کے مقامات کا باضابطہ نقشہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق دبئی بھر میں 40 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 48 آتش بازی کے شوز منعقد کیے جائیں گے۔

دبئی پولیس کے مطابق تمام تقریبات سکیورٹی انڈسٹری ریگولیٹری ایجنسی (SIRA) کی نگرانی میں اور متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے منعقد ہوں گی، تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ اور منظم ماحول میں جشن منانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

جاری کردہ نقشے میں دبئی کے اہم اور نمایاں مقامات شامل کیے گئے ہیں، جن میں برج خلیفہ، ڈاؤن ٹاؤن دبئی، پام جمیرا، دبئی فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، بلیو واٹرز، برج العرب، ایکسپو سٹی دبئی، گلوبل ولیج، اٹلانٹس دی پام اور پام جبل علی شامل ہیں۔

ایونٹ سکیورٹی کمیٹی کے مطابق نیو ایئر سکیورٹی اور انتظامی پلان دبئی کے عالمی سیاحتی مقام ہونے کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سکیورٹی، ہجوم کے مؤثر انتظام اور شہری سہولیات کو یکجا کر کے بڑے پیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ساحلی علاقوں، ریزورٹس، گالف کلبز، تفریحی پارکس اور رہائشی زونز میں بھی آتش بازی کے شوز کا اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ شہری اور سیاح اپنی رہائش کے قریب ہی تقریبات سے لطف اندوز ہو سکیں۔

دبئی پولیس نے شہریوں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ نقشے کی مدد سے اپنی آمدورفت اور مقام کا انتخاب پیشگی کریں اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔