بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پاکستان دشمنی میں اتنا آگے بڑھے کہ ڈھٹائی سے ایک فلمی ڈائیلاگ بول گئے۔
محاذ جنگ کا ہو یا سفارتی بھارت ہر جگہ پاکستان سے شکست کھا رہا ہے، عالمی ہزیمت اور پے در پے شکستوں پر ہندوستان اتنا گھبرایا ہوا ہے کہ مودی کے وزیر اب اپنی ہزیمت مٹانے اور پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے فلمی ڈائیلاگ بول کر گزارا کر رہے ہیں۔
رواں برس بھارت کی نام نہاد بہادری سے جُڑا سچ تو پاکستان نے دنیا کو دکھایا، سفارتی، دفاعی ہر محاذ پر بھارت کو بدترین شکست دی، اب بھارت کا میڈیا ہو یا سیاستدان لوگوں کو سنانے کیلیے ان کے پاس صرف جھوٹی کہانیاں ہیں۔
جھوٹ بولنے میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی کہاں پیچھے رہنے والے ہیں لیکن اس بار جھوٹ کی انتہا کرتے ہوئے انہوں نے ایک فلم کا ڈائیلاگ تاریخی واقعہ بتا کر بیان کیا۔
سابق بھارتی وزیراعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے دورہ پاکستان سے متعلق راج ناتھ سنگھ نے وہ بات کی جو اس دورے کے دوران سرے سے ہوئی نہیں، اس کو سن کر تقریب میں بیٹھے بھارتی شرکا بھی زیر لب مسکراتے رہے۔
بھارتی وزیر دفاع نے جو فلمی ڈائیلاگ بولا، اس کا تعلق دورہ پاکستان سے نہیں بلکہ اٹل بہاری واجپائی پر بننے والی فلم کا ایک خیالی مکالمہ تھا۔
سوشل میڈیا پر یہ مضحکہ خیز کلپ وائرل ہوتے ہی دنیا بھر سے صارفین میدان میں اتر آئے اور وہ غلط بیانی اور بھارتی قوم کو گمراہ کرنے پر راج ناتھ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں سچ بولنے، سننے اور حقیقت کا اعتراف کرنے جیسے مشورے دے رہے ہیں۔









