35

سڈنی حملے کے ہیرو احمد الاحمد کو 25 لاکھ ڈالر کا چیک دیدیا گیا

سڈنی کے بونڈی بیچ میں ہونے والے حملے کے دوران جان پر کھیل کر مسلح حملہ آور کو قابو کرنے والے احمد الاحمد کو عوامی سطح پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ ان کے لیے شروع کی گئی آن لائن فنڈ ریزنگ مہم کے نتیجے میں 25 لاکھ ڈالر سے زائد رقم اکٹھی کی گئی، جس کا چیک انہیں باقاعدہ طور پر پیش کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ رقم 43 ہزار سے زائد افراد کی جانب سے عطیات کی صورت میں جمع کی گئی۔ گو فنڈ می کے ذریعے چلنے والی اس مہم کا چیک معروف امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسر زیکری ڈیرینیووسکی نے احمد الاحمد کو پیش کیا۔ فنڈ میں امریکی ارب پتی سرمایہ کار بل ایکمین کی جانب سے 99 ہزار 999 ڈالر کا نمایاں عطیہ بھی شامل تھا۔

واضح رہے کہ بونڈی بیچ حملے کے دوران احمد الاحمد نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور ساجد اکرم کو دبوچ کر اسلحہ چھین لیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ اس دوران احمد الاحمد خود بھی زخمی ہو گئے تھے۔

دوسری جانب بونڈی بیچ حملے کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے مختلف تصدیق شدہ فنڈ ریزنگ مہمات کے ذریعے مجموعی طور پر اب تک تقریباً 50 لاکھ ڈالر کی امدادی رقم جمع کی جا چکی ہے، جسے متاثرین کی بحالی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔