119

کشمیر بین الاقوامی طور پر متنازعہ ہے، بھارت دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے: پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کو جگانے کی ایک اُور کوشش

اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا کبھی تھا نہ ہوگا اور جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔

انہوں نے بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر ردعمل میں کہا کہ 8 دہائیوں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں ملا۔ سروانی نے الزام لگایا کہ بھارت ٹی ٹی پی، فتنہ الخوارج اور بی ایل اے کی پشت پناہی کرتا ہے اور سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔

پاکستانی قونصلر نے مزید کہا کہ بھارت شمالی امریکا سمیت مختلف ممالک میں قتل و غارت میں ملوث ہے اور پاکستان کے خلاف بارہا جارحیت کر چکا ہے، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی بند کی جائے۔

سروانی نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے بیان کو حقائق کو دانستہ مسخ کرنے اور بین الاقوامی معاہدے کی غلط تشریح قرار دیا، واضح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی شق میں یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی اجازت نہیں دی گئی۔