دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اپنی دولت کا ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک پہلی بار دنیا کے ایسے فرد بن گئے ہیں جن کی دولت 600 ارب ڈالر کی حد عبور کر گئی۔
15 دسمبر کو اسپیس ایکس کی قدر 800 ارب ڈالر قرار پانے کے بعد، مسک کی دولت میں 167 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور وہ اب 638 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔
اس رقم کے ساتھ وہ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص لیری پیج (265 ارب ڈالر) سے 373 ارب ڈالر زیادہ دولت کے مالک ہیں۔
2024 کے دوران ان کی دولت میں مجموعی طور پر 205 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے۔
ایلون مسک اسپیس ایکس کے 42% حصص اور ٹیسلا کے 12% حصص کے مالک ہیں۔ ٹیسلا کے حصص میں حالیہ اضافے سے ان کی دولت میں تقریباً 4% اضافہ ہوا ہے۔
نومبر 2025 میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کو ایک ہزار ارب ڈالرز کے معاوضے کا پیکج بھی منظور کیا تھا، جو مخصوص شرائط پوری ہونے پر انہیں ملے گا۔
یہ تمام پیش رفت ایلون مسک کو دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر (ایک ہزار ارب ڈالر کے مالک) بننے کے قریب لے آئی ہے، اور امکان ہے کہ 2026 میں یہ ہدف حاصل ہو جائے، خاص طور پر اگر اسپیس ایکس کے حصص عوامی فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔









