51

اسرائیل نے جنگ بندی کے باوجود 10 نومبر کے بعد تقریباً 500 بار غزہ پر حملے کیے

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے مجموعی طور پر 497 مرتبہ معاہدے کی خلاف ورزی کی، جنہیں باقاعدہ طور پر دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

میڈیا آفس کے مطابق صرف ہفتے کے روز 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن میں 24 فلسطینی شہید جبکہ 87 سے زائد زخمی ہوئے۔ جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 342 شہری—جن میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں—جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 875 تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دراندازی اور چھاپوں کے دوران کم از کم 35 فلسطینیوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

غزہ حکومت نے ان مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکا، عالمی ثالثوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسرائیل کو حملے روکنے پر مجبور کیا جاسکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ جنگ بندی دو سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے شدید حملوں کے بعد ممکن ہوئی تھی، جن میں 69 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 70 ہزار زخمی ہوئے، جبکہ تقریباً 90 فیصد علاقے کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔