165

سعودی ولی عہد کی اہلیہ کا ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے 10 ملین ریال عطیہ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی اہلیہ نے ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے 10 ملین ریال کا عطیہ دے دیا۔

رپورٹس کے مطابق شہزادی سارہ بنت مشہور بن عبدالعزیز نے ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کے امدادی فنڈ کے لیے دس ملین ریال کا عطیہ دیا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق یہ عطیہ ذیابیطس کے شکار بچوں کی دیکھ بھال اور علاج سمیت ان کے اہل خانہ کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔

 وزیر صحت  فہد الجلاجل کا کہنا تھا کہ اس امداد سے ذیابیطس کے شکار بچوں کے لیے صحت کی خدمات کو فروغ دینے میں نمایاں مدد ملے گی۔

ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ کی جانب سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ شہزادی سارہ بنت مشہور کے عطیے کی مدد سے جدید انسولین پمپس فراہم ہو سکیں گے۔

 یہ پمپس علاج کے جدید حل میں سے ایک ہیں اور ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو اعتماد اور تحفظ کے ساتھ اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے کے قابل بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کے لیے اس امدادی فنڈ کے ذریعے سب سے زیادہ ضرورت مند بچوں کی مدد کی جاتی ہے۔

 یہ فنڈ صحت کے شعبے اور غیر منافع بخش اداروں کے ساتھ کام کر کے ملک کے مختلف علاقوں میں 3,000 سے زیادہ مستحقین کو صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

یہ امداد کام 26 ایسوسی ایشنز اور 26 مختلف منصوبوں کے ذریعے کیا جاتا ہے، فنڈ نے 2024 میں 72 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات فراہم کیے تھے۔