آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں یومِ فتح کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں تینوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ پاک فوج کا خصوصی دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوا، جس پر آذربائیجان کے عوام نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور مشکل وقت میں دونوں دوست ممالک کا ساتھ قابلِ فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین برادر ممالک ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں شاندار کردار ادا کیا۔
صدر اردوان نے خطاب میں تینوں ممالک کو ایک خاندان کی مانند قرار دیا اور کہا کہ اتحاد و بھائی چارے کے جذبے کو مزید مضبوط بنانا خطے میں امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
تقریب میں شرکت کرنے والے سربراہان نے یومِ فتح کی خوشی مسلم دنیا کے لیے بھی اہم قرار دی اور تینوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا اعادہ کیا۔









