44

ایران کی پاک افغان کشیدگی پر گہری تشویش، ثالثی کی پیشکش

ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور پاکستان و افغانستان کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام ضروری ہے، اور تہران اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر دونوں فریق رضامند ہوں تو ایران سرحدی تناؤ میں کمی اور امن کی بحالی کے لیے ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ رات افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس پر پاکستانی فورسز نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس کارروائی میں متعدد افغان اہلکار ہلاک ہوئے۔

اس سے قبل سعودی عرب اور قطر کی جانب سے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے۔ دونوں ممالک نے زور دیا تھا کہ فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے ختم کریں۔