340

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل مخالف 5 قراردادیں منظور

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اس کے منشور کی 7ویں شق کے تحت اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کی درخواست پر 5 قراردادوں کی منظوری دی۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے منشور کی 7ویں شق کے مطابق یہ کونسل ہر اجلاس میں غرب اردن کے علاقوں میں اسرائیل کے اقدامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے چندماہ قبل غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیرمیں مصروف 206 کمپنیوں کی فہرست جاری کی تھی

اس فہرست پر اسرائیل اور امریکہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

ان کمپنیوں میں سے 143 کا تعلق اسرائیل سے اور 22 کا تعلق امریکہ سے ہے۔

انسانی حقوق کونسل نے اپنے تازہ موقف میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے اسرائیل کے خلاف 5 قراردادوں کی منظوری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل مخالف قراردادیں پاس کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو امریکہ انسانی حقوق کونسل سے باہر نکل جائے گا۔