ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایک ایف-7 جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران ایک اسکول کی عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
فوجی حکام کے مطابق طیارہ دوپہر 1 بج کر 6 منٹ پر روانہ ہوا اور تقریباً 1 بج کر 30 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد اسکول کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ ویڈیوز میں دکھائی دیتا ہے کہ اسکول کی عمارتیں شعلوں کی لپیٹ میں ہیں جبکہ طلبہ اور اسٹاف جان بچا کر بھاگتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ فائر بریگیڈ، پولیس اور فوجی اہلکاروں نے مل کر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ مقامی حکام کے مطابق 50 سے زائد افراد بشمول بچوں کو جھلسنے کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا اور حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
محمد یونس کا کہنا تھا، "ہم اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کریں گے۔"
پیر کی صبح تک ایمرجنسی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود تھیں جبکہ اسکول کے متاثرہ حصے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے فوری طور پر تمام کلاسز معطل کر دی ہیں۔









