کویت نے ویزا جاری کرنے کے عمل کو مزیدآسان اور تیز تر بنانے کے لیے جدید الیکٹرانک نظام متعارف کرا دیا۔
کویت کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نظام کا مقصد نہ صرف ویزا کے اجرا کو ڈیجیٹل بنانا ہے بلکہ ملک کو خطے میں ایک پرکشش سیاحتی و تجارتی مرکز بنانے کی حکومتی حکمتِ عملی کو عملی جامہ بھی پہناناہے،اس نظام کے تحت ابتدائی طور پر چار اقسام کے ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے جس میں سیاحتی ویزہ،خاندانی ویزہ،سرکاری ویزہ اورتجارتی ویزہ شامل ہے۔
سیاحتی ویزا کی مدت 3 ماہ جبکہ،خاندانی ،تجارتی اورسرکاری ویزا کی مدت 30 دنوں پر محیط ہے،سیاحتی ویزا 90 دن کے لیے جاری کیا جائے گا، جو سیاحوں کو کویت کی سیر و تفریح اور ثقافتی تجربات سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔
خاندانی ویزا 30 دن کے لیے ان غیر ملکی مکینوں کی درخواست پر جاری کیا جائے گا جو اپنے اہل خانہ کو کویت بلانا چاہتے ہیں،تجارتی ویزا بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں کے نمائندوں کو کاروباری اجلاسوں، نمائشوں اور تقاریب میں شرکت کے لیے جاری کیا جائے گا جبکہ سرکاری ویزا سرکاری وفود اور اعلیٰ حکومتی شخصیات کو دیا جائے گا جو کویت کی دعوت پر سرکاری امور کے لیے ملک کا دورہ کریں گے۔
کویتی وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدام ملک کی سمارٹ گورننس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد خدمات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کرنا، شفافیت کو فروغ دینا، اور بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
کویتی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں دیگر اقسام کے ویزوں کو بھی اس الیکٹرانک نظام میں شامل کر کے مکمل خودکار اور ڈیجیٹل ویزا سروس فراہم کی جائے گی،یہ جدید نظام نہ صرف ویزا درخواست دہندگان کا وقت بچائے گا بلکہ ملک میں داخلے کے نظام کو بھی مؤثر اور محفوظ بنائے گا۔









