186

پاک امریکہ تعلقات کو ڈالر میں نہیں تولا جاسکتا، اعزاز چوہدری

واشنگٹن۔ امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات وسیع البنیاد ہیں، انہیں ڈالر میں نہیں تولا جاسکتا، امریکہ کو بتایا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے وسائل سے کوشش جاری رکھیں گے،ہم امریکی عہدیداروں کے ساتھ کھلے ذہن سے مل کر کام کرتے ہیں اور نئے سیکیورٹی ایڈوائزر جان بولٹن کے ساتھ بھی یہی پالیسی اختیار کریں گے، افغانستان میں امن پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں چاہتا۔

یوم پاکستان پر واشنگٹن میں ایک انٹرویو میں سفیر اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاک امریکااسٹریٹجی کو مل کر آگے بڑھنا چاہیے، پاک امریکہ تعلقات وسیع البنیاد ہیں، انہیں ڈالر میں نہیں تولا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ کو بتایا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے وسائل سیکوشش جاری رکھیں گے۔اعزاز چوہدری نے بتایا کہ امریکہ اقتصادی اور ترقیاتی پروگرام جاری رکھنا چاہتا ہے، اسے ادراک ہو رہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر چلناچاہیے کیونکہ اب تک جو کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

وہ مل کر کام کرنے سے ہوئیں۔ ہم امریکی عہدیداروں کے ساتھ کھلے ذہن سے مل کر کام کرتے ہیں اور نئے سیکیورٹی ایڈوائزر جان بولٹن کے ساتھ بھی یہی پالیسی اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا پاکستان، افغانستان اور خطے میں امن اور پاک-امریکہ تعلقات میں بہتری ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے اور ہم امریکہ کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان میں امن پاکستان سے زیادہ کوئی نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا افغان مصالحتی عمل سے امن آنے کی امید بنتی ہے اور افغانستان میں جتنے اسٹیک ہولڈرز ہیں انہیں مل کر بیٹھنا چاہیے۔