90

حکومت کا بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی ترقی پر توجہ

اسلام آباد: حکومت نے بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی ترقی اور فروغ کے لیے 2 ہزار میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

 وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق منصوبے کا مقصد اضافی بجلی کو منافع بخش بنانا، ہائی ٹیک ملازمتیں پیدا کرنا، اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا اور حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اسٹریٹیجک اقدام پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں اضافی توانائی کو جدت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی آمدنی میں بدل کر اقتصادی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ میں معاون ثابت ہوگا۔

اس حوالے سے پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان ایک عالمی کرپٹو اور اے آئی پاور ہاؤس بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بِٹ کوائن ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے آپ ڈیجیٹل کرنسی بھی کہہ سکتے ہیں مگر یہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والی کرنسیوں سے مختلف ہےکیونکہ اسے کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مستند مالی ادارہ نہیں ہے۔