پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیاکے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے منصوبے کا اعلان کر دیا۔
پرتگال نے جمعے کو پولینڈ کے خلاف 1-5 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیشنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔
اس فتح کے ساتھ رونالڈو نے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی 132ویں فتح حاصل کی اور اپنے سابق ریال میڈرڈ ساتھی سرجیو راموس کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے اسپین کے لیے 131 فتوحات سمیٹیں۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں 5 بار کے بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے 39 سالہ رونالڈو نے اپنی ریٹائرمنٹ کے منصوبوں کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا میں صرف انجوائے کرنا چاہتا ہوں، ریٹائرمنٹ ؟ اگر ایسا ہونا ہے تو ایک یا دو سال میں ہو سکتا ہے ۔ یہ مجھے معلوم نہیں، میں جلد ہی 40 سال کا ہونے والا ہوں۔
رونالڈو نے کہا کہ جب تک میں جذبے کے ساتھ انجوائے کر رہا ہوں، یہ کھیل جاری رکھوں گا۔ جس دن میں نے محسوس کیا کہ اب مجھ میں اور جذبہ نہیں میں ریٹائر ہو جاؤں گا۔
39 سالہ رونالڈو نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے کوچنگ کے میدان میں جانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد دیگر معاملات پر غور کر سکتے ہیں۔
رونالڈو نے کہا کہ میں خود کو کسی ٹیم کا منیجر بنتے ہوئے نہیں دیکھتا، یہ میرے منصوبوں میں شامل نہیں ، میرا مستقبل فٹبال سے باہر دیگر شعبوں میں ہے، باقی وقت بتائے گا کہ کیا ہوتا ہے۔
اس سے قبل اگست میں انٹرویو دیتے ہوئے 39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے عندیہ دیا تھا کہ وہ سعودی کلب النصر کے ساتھ رواں سیزن کے بعد معاہدہ ختم ہونے کے باوجود جلد ریٹائر ہونے پر غور نہیں کر رہے۔