132

ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ اور سری لنکن بلے بازوں نے سست بیٹنگ کا نیا ریکارڈ بنا دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکن بلے بازوں نے سست بیٹنگ کر کے نیا ریکارڈ بنا دیا۔

عالمی کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں شکست دے دی،نیویارک میں بالرز کے لیے سازگار ایک مشکل وکٹ پر بلے بازوں کے لیے بیٹنگ کرنا مشکل ہو گیا۔

سریلنکا کی پوری ٹیم 77 رنز پر پویلین لوٹ گئی، ہدف کے تعاقب میں افریقی ٹیم بھی 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔میچ میں دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے سست رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

جہاں سری لنکن کھلاڑیوں نے 115 گیندوں پر 77 رنز بنائے تو پروٹیز نے بھی ہدف حاصل کرنے کے لیے 98 گیندوں کا سہارا لیا۔

میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ریکارڈ ڈاٹ گیندیں کھیلیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا،دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 214 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 127 ڈاٹ گیندیں کھیلیں جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل سب سے زیادہ 123 ڈاٹ گیندیں 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان میچ میں کھیلی گئی تھیں۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سب سے زیادہ 148 ڈاٹ گیندیں 2008 میں آئرلینڈ اور کینیا کے درمیان میچ میں کھیلی گئی تھیں۔