نیویارک: نیویارک میں پاک بھارت ٹی20 میچ کے دوران اسنائپرز تعینات ہوں گے جب کہ خصوصی ہتھیاروں اور ٹریننگ کی حامل سواٹ فورس سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔
ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9جون کو نیویارک میں مقابل ہوں گی،ہائی وولٹیج مقابلے کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فول پروف سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مخصوص مقامات پر اسنائپرز تعینات ہوں گے،پولیس ڈپارٹمنٹ نے مکمل سیکیورٹی پلان تیار کرلیا، خصوصی ہتھیاروں اور ٹریننگ کی حامل سواٹ فورس سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔
سفید کپڑوں میں تعینات پولیس افسران اطراف کی کڑی نگرانی کریں گے،اسٹینڈز میں بھی ان میں سے کچھ اہلکار ڈیوٹی پر مستعد ہوں گے، قریب موجود پارک بند رہے گا، وینیو میں داخل ہونے والے شائقین کی اسی طرح تلاشی اور اسکریننگ ہوگی جیسی عام طور پر ایئرپورٹس پر دیکھنے میں آتی ہے۔
آئی سی سی کے ایک آفیشل نے کہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی انٹرنیشنل کرکٹ ہو،شائقین ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہوتی ہے، پاک بھارت مقابلے میں غیر معمولی جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے، ہم نساؤکاؤنٹی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہمیں مقامی حکام کی معاونت اور رہنمائی حاصل ہے، سب کو یقین ہے کہ فول پروف سیکیورٹی کیلیے تمام تر پلاننگ موثر ثابت ہوگی، امید ہے کہ شائقین کرکٹ کو محفوظ اور شاندار ماحول میں جاندار مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔