آسٹریلیا کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور ون ڈے ورلڈکپ 2023 جتوانے والے کپتان پیٹ کمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینگروز کی کپتانی سے محروم ہوگئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پہلی مئی کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2023 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ قابلِ غور بات یہ تھی کہ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کے بجائے مچل مارش کو سونپی گئی ہے۔
ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ میں آسٹریلیا کے موجودہ کامیاب ترین کپتان کی جگہ مچل مارش کو ورلڈکپ میں کپتان مقرر کیے جانے پرشائقین کی طرف سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے پیٹ کمنز پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں جب رواں سال آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی۔ دونوں سیریز میں مچل مارش نے ہی کپتان کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
کیویز کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ جیتنے کے بعد بات گفتگو کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے آسٹریلیا کی کپتانی نہ کرنے سے متعلق کہا کہ ‘مجھے یہ پسند ہے کہ باؤنڈری پر فیلڈنگ کروں۔’
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہا ‘کچھ عرصے سے باؤنڈری پر فیلڈنگ نہیں کی، صرف باؤلنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں اور کچھ نہیں۔’
خیال رہے کہ پیٹ کمنز نے اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کبھی بھی آسٹریلیا کی کپتانی نہیں کی۔ ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ 2022 تک ایرون فنچ کینگروز کی قیادت کر رہے تھے۔
دوسری طرف آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے انجری کے بعد فٹ ہونے پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریکوری تھوڑی سست رہی ہے لیکن اب میں تیار ہوں، ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا منتظر ہوں۔