278

میں کبھی فٹنس پر اعظم خان کو ٹیم کے قریب نہ آنے دوں، شاہد آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایمبیسیڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں کبھی بھی فٹنس پر اعظم خان کو ٹیم کے قریب نہ آنے دوں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کی کارکردگی سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اعظم خان کی تعریف بھی کرتا ہوں وہ مضبوط ہے، تگڑا ہے، اسکی ہٹنگ اچھی ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز میں کیپنگ کے دوران وہ بال پکڑ رہا ہے لیکن ویسٹ انڈیز کنڈیشنز میں بال نیچے رہے گی۔ اس فٹنس کے ساتھ کیپنگ کرنا، اللہ نہ کرے اسے ورلڈکپ میں مشکلات کا سامنا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی کنڈیشن پر آپکو اپنی باڈی نیچے رکھنی پڑے گی، میں ان کے لیے دعا ہی کرسکتا ہوں۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹر اعظم خان کی پاکستان ٹیم میں سلیکشن پر ان کی فٹنس کو لے کر کئی سابق کرکٹرز انہیں تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ اعظم خان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد رضوان کی جگہ اعظم خان ہی وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔