آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے بعد ایک اور آسٹریلوی کرکٹر نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر جسٹن لینگر نے بھی بھارتی ٹیم کی کوچنگ کے لیے منع کردیا ہے، اس سے قبل رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ سے منع کیا تھا۔
جسٹن لینگر نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کی کوچنگ ایک شاندار جاب ہے لیکن میں نے خود کو دوڑ سے باہر رکھا ہے، کوچنگ ایک گھیرا ڈالنے والی جاب ہے۔
جسٹن لینگر نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ چار سال کوچنگ کی، ایمانداری کی بات ہے یہ تھکا دینے والا کام ہے، بھارتی ٹیم کے حوالے سے لکھنئو کے کپتان کے ایل راہول سے بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت میں پریشر کے حوالے سے بھی بات کی، کے ایل راہول نے بتایا کہ اگر آئی پی ایل میں دباؤ اور سیاست ہے تو اسے بھارتی کوچنگ کے لیے ہزار گنا کرلیں، میرے خیال میں یہ ایک اچھا مشورہ تھا یہ ایک شاندار جاب ہوگی لیکن میرے لیے اس وقت نہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اس وقت نئے کوچ کی تلاش میں ہے۔