لاہور : حکومت پنجاب نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلطان اذلان شاہ کپ میں عمدہ کارکردگی پر قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیر کھیل پنجاب کا کہنا تھا کہ جذبے، جوش، ولولے اور محنت سے قومی ٹیم نے اذلان شاہ کپ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، فائنل میں پاکستان کا کھیل شاندار رہا۔
فیصل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر قومی ٹیم نے عالمی افق پر قومی پرچم بلندکیا ہے، حکومت پنجاب قومی کھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرےگی۔
خیال رہےکہ 30 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی۔
ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا گیا فائنل میچ چوتھے کوارٹر میں 2 -2 گول سے برابر رہا جس کے بعد پینالٹی شوٹ آؤ ٹ پر فیصلہ ہوا۔ جاپان نے پینالٹی شوٹ آؤ ٹ مقابلہ 1-4 سے جیت کر پہلی بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔
فائنل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ پاکستان کے رانا وحید اشرف کے نام رہا۔ پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ کی سلور میڈلسٹ قرار پائی۔
یاد رہے کہ پاکستان نےگز شتہ ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان نے 2011 میں آخری بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا تھا۔ پاکستان نےٹورنامنٹ آخری بار 2003 میں جیتا تھا۔
فائنل سے قبل پاکستان ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے 3 میچ جیتے اور دو میچز ڈرا ہوئے۔