پاکستان کرکٹ ٹیم نے کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلی مرتبہ 8 باؤلرز کا استعمال کرکے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری میچ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے آخری میچ میں 9 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
ٹی ٹوئنٹی میچ کی دوسری اننگز کے دوران پاکستانی کپتان بابر اعظم نے اپنے باؤلرز کا بہترین استعمال کیا۔ بابر اعظم نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے لیے اپنے 8 گیند بازوں سے گیند کروائی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر اور عباس آفریدی نے پیس اٹیک سنبھالا جبکہ اسپن ڈپارٹمنٹ میں اسامہ میر، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم نے بلے بازوں کو مشکل میں ڈالا۔
کپتان بابر اعظم نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں اوپننگ بلے باز صائم ایوب سے بھی باؤلنگ کروائی۔ صائم ایوب نے 2 اوورز میں 10 کی اکانومی کے ساتھ باؤلنگ کراتے ہوئے 20 رنز دیے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں اب تک کسی میچ میں سب سے زیادہ 9 باؤلرز استعمال کیے جاچکے ہیں۔ یہ ریکارڈ پاپا نیو جینیا، ڈینمارک، ساؤتھ کوریا اور سعودی عرب کی کرکٹ ٹیم کے پاس ہے۔