118

مارچ میں مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد: فروری 2024 کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی 1.71 فیصد بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ مہنگائی کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق فروری 2024 کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی 1.71 فیصد بڑھ گئی ہے۔ مارچ میں مہنگائی کی شرح 20.68 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ مہنگائی کی اوسط شرح 27.06 فیصد رہی اور گزشتہ ماہ شہری علاقوں میں مہنگائی میں 1.43 فیصد اضافہ ہوا۔

مارچ میں دیہی علاقوں میں مہنگائی میں 2.13 فیصد اضافہ ہوا جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 21.90 فیصد رہی۔ گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 18.97 فیصد رکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر ٹماٹر 52.1 فیصد، پیاز 28 فیصد، آلو 23.6 اور پھل 21.9 فیصد مہنگے ہوئے۔

اس دوران سبزیاں 12.8، بجلی 5.1 اور گوشت 4 فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر گیس 318 فیصد اور بجلی 73 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں ٹماٹر 188.4، پیاز 84، سبزیاں 55 اور مصالحہ جات 49 فیصد مہنگے ہوئے۔