28

آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز سے اختتام کی طرف بڑھ رہے ہیں، وزارت خزانہ

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز سے اختتام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی میں کوئی ڈیڈلاک یا رکاوٹ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات مکمل نہ ہو سکے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق یہ مذاکرات 18 مارچ کو مکمل ہونا تھے تاہم اب ان کے کل (منگل کو) مکمل ہونے کے امکانات ہیں۔ ئی ایم ایف کے وفد اور حکومت کی معاشی ٹیم کے درمیان آج مختصر مذاکرات ہوں گے جن میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں نئے قرض پروگرام پر بات چیت ہو گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف مشن کےساتھ لیٹرآف انٹینٹ پربات چیت ہوگی، میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی، مذاکرات کی کامیابی پرپاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان نےآئی ایم ایف کےسہ ماہی اہداف کامیابی سے پورے کیے، حکومت نے آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنے میں بروقت اورسنجیدہ اقدامات کیے، حکومت نےآئی ایم ایف کومعاشی اصلاحات کاتسلسل برقرار رکھنے کایقین دلادیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو3 ارب ڈالر کے اسٹینڈبائی ارینجمنٹ کے تحت1.9ارب ڈالر پہلے سے مل چکے، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو پاکستان کیلئے قسط جاری کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ مذاکرات کی کامیابی پرجائزہ مشن1.1ارب ڈالرز کی آخری قسط کیلئے سفارش کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ جون 2023 میں سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ طے پایا تھا جس کی مدت 12 اپریل 2024 یعنی اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر 9 ماہ کے دوران تین ارب ڈالر قسطوں میں ملنا تھے۔ تین ارب ڈالر کے پروگرام میں سے پاکستان کو اب آخری ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط ملنا باقی ہے۔