سابق کرکٹر محمد عامر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں اہلخانہ سےبدتمیزی کرنے پر نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر نے الزام عائد کیا کہ ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے میچ کے دوران مبینہ طور پر میرے اہلخانہ کے ساتھ بدسلوکی کی، تکبرانہ انداز سے گراؤنڈ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران انہیں بلاجواز باہر نکال دیا، یونیفارم میں طاقت کا یہ غلط استعمال ناقابل برداشت ہے!۔
محمد عامر نے مریم نواز کو ایکس پر ٹیگ کرتے ہوئے واقعے پر نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
26 فروری کو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے محمد عامر، عمر امین اور معین خان کی فیملیز کو پلیئرز باکس سے باہر کر دیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اس طرح کے اقدامات کی روک تھام کرے، ضلعی انتظامیہ کے افسروں کا کوئی حق نہیں بنتا کہ کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ اس طرح کا ناروا رویہ اختیار کریں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے میچ کے بعد شدید احتجاج کیا جس پر ضلع انتظامیہ اور سیکیورٹی افسر بھی وہاں پہنچے مگر کسی نے بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا تھا۔
واضح رہے کہ محمد عامر رواں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے آٹھوں سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی۔
Shocked by the unacceptable behavior of the Deputy Commissioner of Multan, who reportedly mistreated my family, arrogantly claiming ownership of the ground & unjustly ejecting them during a match. This abuse of power is intolerable! Urging authorities for immediate action…
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) February 26, 2024