48

نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری ،بابر اعظم کی ترقی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے۔

آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے بلے باز ایڈن مرکرام کو نیچے دھکیلتے ہوئے چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھارتی بلے باز سوریا کمار یادیو سنبھالے ہوئے ہیں، ان کے بعد دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے فل سالٹ موجود ہیں ،تیسرے پر محمد رضوان اور چوتھے پر بابراعظم ہیں ۔ پانچویں پوزیشن پرایڈن مرکرام ، چھٹی پوزیشن پر بھارت کے جیسوال ہیں ۔

دوسری جانب آئی سی سی نے سال 2023 کی مختلف کیٹیگریز کے بہترین کرکٹرز کا اعلان کر دیا ہے۔

مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نیوزی لینڈ کےمارک چیپمین، یوگینڈا کے ایلپیش رامجانی، زمبابوے کے سکندر رضا اور بھارت کے سوریا کماریادیو کے درمیان سخت مقابلہ تھا تاہم بھارت کے سوریا کمار یادیو سال 2023 میں شاندار کارکردگی دکھا کر مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر قرارپائے۔

سوریا کمار یادیو نے یہ اعزاز مسلسل دوسری بار حاصل کیا ہے۔سوریا کمار یادیو نے 2023 میں 17 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 48.86 کی اوسط سے 733 رنز اسکور کیے جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 155.95 رہا۔

دریں اثنا ویمنز کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلے میتھیوز سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی پلیئر رہیں۔کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کرنے والے نیوزی لینڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر راچن رویندرا نے آئی سی سی ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا ہے ۔ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریلیا کی فوئبے لچفیلڈ رہیں۔

اس کے علاوہ نیدر لینڈز کے باسڈیلیڈا مینز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے جبکہ کینیا کی کوئنٹر ایبل ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائیں۔

علاوہ ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  نے سال 2023 کی بہترین ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان  بھی کردیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے تینوں فارمیٹس کی ٹیمز آف دی ایئر کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں کوئی بھی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں۔ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھارتی کرکٹر روہت شرما کو نامزد کیا گیا ہے۔

ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بھارت کے شبمن گل، ویرات کوہلی، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور محمد شامی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ایڈم زمپا اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل، جنوبی افریقا کے ہینرک کلاسن اور مارکو جینسن بھی ٹیم آف دی ایئر کا حصہ ہیں۔

ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کی بات کی جائے تو آسٹریلوی کھلاڑی پیٹ کمنز کو کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم میں عثمان خواجہ، دیموتھ کرونا رتنے، کین ولیمسن اور جو روٹ، ٹریوس ہیڈ، رویندر جڈیجا اور ایلکس کیری شامل ہیں۔آئی سی سی کی اعلان کردہ بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی کسی پاکستانی کرکٹر کا نام نہیں ہے۔