یوٹیلیٹی اسٹورز پر حکومتی سبسڈی کے اثرات کی وجہ سے سیلز کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق 2022-23 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل ریکارڈ طور پر 137 ارب 15 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی جبکہ استعمال شدہ سبسڈی کے ساتھ یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل 151 ارب روپے رہی۔
ذرائع کے مطابق بنیادی اشیاء پر حکومتی سبسڈی کے باعث سیل بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، آٹا، چینی، گھی، دال، چاول پر حکومت بھاری سبسڈی دے رہی ہے، گزشتہ مالی سال یوٹیلیٹی اسٹورز کا خالص منافع 76 کروڑ 40 لاکھ روپے رہا۔
گزشتہ مسلسل 3 سال سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن منافع میں ہے، مالی سال 22-2021 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل 112 ارب 32 کروڑ روپے تھی، مالی سال 21-2020 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل 120 ارب 24 کروڑ روپے تھی، مالی سال 20-2019 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل 53 ارب 32 کروڑ روپے تھی۔
مالی سال 19-2018 میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی سیل 9 ارب 68 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی جبکہ مالی سال 19-2018 میں یوٹیلیٹی اسٹورز 6 ارب 37 کروڑ 30 لاکھ روپے خسارے میں تھا۔