27

آل پاکستان ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا 16 جنوری سے ہڑتال کا اعلان

ٹیکس ادائیگیوں کے باوجود ڈیفالٹر لسٹ میں رکھنے پر آل پاکستان ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے 16 جنوری سے پنجاب میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

ترجمان آل پاکستان ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ کہتے ہیں ڈیفالٹرز لسٹ میں رکھنے سے کمپنیاں لین دین نہیں کر رہیں، پنجاب ریونیو اتھارٹی کا تنازع کمپنی اور آئل ریفائنریز کے ساتھ ہے لیکن نشانہ ٹینکر کنٹریکٹرز کو بنایا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا ہم ٹیکس دینا چاہ رہے ہیں لیکن پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس لینا ہی نہیں چاہ رہی، آئل ٹینکرز پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہے، پنجاب ریونیو اتھارٹی نے پورٹل بند کردیا ہے، ان کا مسئلہ کمپنی اور آئل ریفائنریز کے ساتھ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کمپنی اور کنٹریکٹرز ساڑھے 7 فیصد ٹیکس جمع کراتے ہیں، پورٹل بند ہونے سے ہمارا نقصان ہورہا ہے، ہمارے ٹیکس جمع ہیں، ودہولڈنگ سرٹیفکیٹس ہمارے پاس ہیں، ہم نے معاملہ پر ریونیو اتھارٹی کو خط لکھا ہے، ہمارا مسئلہ حل نہ ہوا تو 16 جنوری کو پنجاب کیلئے کام بند کردیں گے۔