27

گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ

ملک میں گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں دسمبر2023 کے دوران عمومی کمی کارحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبرمیں 5 کلو ڈالڈا کوکنگ آئل کی اوسط قیمت 2787.10 روپے ریکارڈکی گئی جونومبرکے مقابلہ میں 1.67 فیصدکم ہے، نومبرمیں ملک میں کلو ڈالڈا کوکنگ آئل کی اوسط قیمت 2834.43 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔

اعدادوشمارکے مطابق دسمبر2023 میں ڈھائی کلو ڈالڈابناسپتی گھی کی اوسط قیمت 1328.77 روپے ریکارڈکی گئی جونومبرکے مقابلہ میں 2.41 فیصدکم ہے، نومبرمیں ملک میں ڈھائی کلو ڈالڈابناسپتی گھی کی اوسط قیمت 1361.52 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔

دسمبرمیں ایک کلو ڈالڈابناسپتی گھی کی اوسط قیمت 506.57 روپے ریکارڈکی گئی جونومبرکے مقابلہ میں 1.59 فیصدکم ہے،نومبرمیں ملک میں ایک کلو ڈالڈابناسپتی گھی کی اوسط قیمت514.74 روپے ریکارڈکی گئی۔

دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر برانڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں10روپےکی کمی کر دی گئی۔

قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق برانڈ گھی 486 روپے اور کوکنگ آئل 579 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر فوری ہو گا۔

علاوہ ازیں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر 0.81 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 42.86 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ واررپورٹ کے مطابق 4 جنوری 2023 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہفتہ رفتہ میں ملک میں آلو کی قیمت میں 8.68 فیصد، لپٹن چائے 8.68 فیصد، لہسن 0.68 فیصد، 5 کلو کوکنگ آئل 0.54 فیصد، ڈھائی کلو گرام بناسپتی گھی 0.54 فیصد، واشنگ سوپ 0.47 فیصد، دال ماش 0.36 فیصد، آٹا 0.23 فیصد اور ایک کلوبناسپتی گھی کی قیمت میں 0.08 فیصدکی کمی ہوئی۔

اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 16.04 فیصد، چکن 13.98 فیصد، انڈے 3.20 فیصد، پیاز 3.04 فیصد، کیلا 2.13 فیصد، دال چنا2.12 فیصد، چینی 2.04 فیصد، دال مونگ 1.68 فیصد، ایل پی جی 1.19 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.51 فیصد اور جارجیٹ کی قیمت میں 0.23 فیصدکااضافہ ہوا۔