76

ورلڈکپ: پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری، 5 کھلاڑی آؤٹ

آئی سی سی ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں پاکستان کے 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  جنوبی افریقا کی بیٹنگ جاری ہے۔

جنوبی افریقا نے5 وکٹوں کے نقصان پر 211رنز بنالیے ہیں، کوئنٹن ڈی کوک 24، کپتان  ٹمبا باووما 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ  وین ڈر ڈاؤسن 21 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

ہینرک کلاسن 12 رنز کیچ آؤٹ ہوگئے۔

 چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 

پاکستان کی پوری ٹیم 46.4  اوورز میں 270 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم 50 اور سعود شکیل 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ٹیم میں دو تبدیلیاں

ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کیخلاف ہم نے  پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی ہیں،حسن علی اور اسامہ میر پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں، دو نوں کھلاڑیوں کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کی اننگز

فوٹو: اے ایف پی

فوٹو: اے ایف پی

 

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا لیکن ایک بار پھر پاکستانی اوپننگ جوڑی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکی۔

عبد اللہ شفیق مارکو یانسن کی گیند پر صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد امام الحق بھی 18 گیندوں پر 12 رنز بنا کر یانسن کا ہی شکار بنے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو 31 رنز بنا کر کوئٹزی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد تبریز شمسی کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے،  انہوں نے 21 رنز اسکور کیے۔ 

کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ بھی 50 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

141 کے مجموعی اسکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان اور نوجوان بیٹر سعود شکیل نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور شاندار شراکت قائم کی، دونوں ٹیم کا اسکور 225 رنز تک لے کر گئے، پھر شاداب 36 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس دوران سعود شکیل نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، لیکن وہ بھی 7 چوکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 52 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ محمد نواز 24، شاہین آفریدی 2 اور محمد وسیم 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 270 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوفی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو یانسن نے 3 اور کوئٹزی نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا آج اپنا چھٹا میچ کھیل رہے ہیں، گرین شرٹس کو 3 میں ناکامی اور 2 میں فتح ملی جبکہ پروٹیز کو 4 میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔

گرین شرٹس کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو اپنے تمام میچز جیتنا ہوں گے جبکہ دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا پڑسکتا ہے۔